سکھر(ویب ڈیسک) سندھ پولیس نے پنجاب پولیس کے 6 اہلکاروں کے خلاف دو شہریوں کو جعلی مقابلے میں قتل کرنے کا مقدمہ درج کرلیا۔سندھ پولیس نے پنجاب پولیس کے 6 اہلکاروں کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے خلاف دو شہریوں کو جعلی مقابلے میں قتل کرنے کا مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس نے اپنی مدعیت میں کھنڈو خان اور احمد سعید سمیت پنجاب پولیس کے چھ اہلکاروں پر دو افراد کو مشترکہ منصوبے کے تحت قتل کرنے کا مقدمہ درج کیا ہلاک افراد کی شناخت سعید اورہاشم کے نام سے ہوئی ہے۔ ہلاک ہونے والے سعید کا تعلق شیخوپورہ اورہاشم کا تعلق فیصل آباد سے ہے۔رات گئے یہ خبر آئی تھی کہ پنجاب پولیس نے پنوعاقل کے قریب سانگی تھانے کی حدود میں 2 دہشت گردوں کو مقابلے میں ہلاک کردیا۔ سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پہلے سے گرفتارشدہ افراد کو اپنی گاڑی سے اتارکرجھوٹے مقابلے میں ہلاک کیا۔ جبکہ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ پاکستان اوربھارت کے معاملات خراب ہوئے تو دنیا کوپریشانی ہوگی کیونکہ دونوں ملک ایٹمی طاقتیں ہیں، مودی سے بات نہیں کرسکتا ۔نجی نیوز چینل کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے امریکی سینیٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے دنیا کو خبردار کرتے ہوئے باور کرایا ہے کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی طاقتیں ہیں، اس کے خطرناک نتائج ہو سکتے ہیں، معاملات خراب ہوئے تو دنیا کے لیے پریشانی ہوگی۔انہوں نے مسئلہ کشمیر پر تعاون کرنے پر امریکی سینیٹر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ مودی نے بھارت کا چہرہ پوری دنیا میں تبدیل کر دیا ہے، یہ وہ بھارت نہیں جسے میں جانتا تھا۔ میں ہمیشہ سے معاملات پرامن طریقے سے حل کرنا چاہتا تھا لیکن ان حالات میں انڈین وزیراعظم نریندر مودی سے بات نہیں کر سکتا کیونکہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔اس موقع پر افغان امن عمل پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ طالبان چاہتے ہیں کہ امن ہو جبکہ امریکہ بھی چاہتا ہے کہ افغانستان میں امن ہو۔ افغان امن عمل پر مرحلہ وار بات چیت ہونی چاہئے، اس موقع کو ضائع نہیں کرنا چاہئے۔ امریکی سینیٹرز نے وزیر اعظم کو یقین دہانی کرائی کہ وہ مسئلہ کشمیر اور افغان امن عمل پر پیش رفت کیلئے زور دیں گے ۔