اسلام آباد : کور کمانڈرز کانفرنس میں گڈ گورننس کی ضرورت کی نشاندہی کے بعد نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے حکومت کا جواب آ گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد مشترکہ ذمہ داری ہے۔ تمام اداروں کو آئین کے دائرے میں رہ کر اپنا کردار ادا کرنا ہے۔
حکومتی ترجمان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے تمام اقدامات شفاف انداز سے اٹھائے گئے۔ قومی مفاد کو ہر معاملے میں مقدم رکھا گیا اور گڈ گورننس کو بھی حکومت نے اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھا۔ ترجمان کے مطابق انسداد دہشتگردی میں صوبائی حکومتوں کی مربوط کوششوں سے کامیابی ملی۔
انتہا پسندی کے خلاف کامیاب حکمت عملی پر عمل درآمد وسیع تر سیاسی اتفاق رائے سے ممکن ہوا۔ حکومتی اقدامات کو بڑے پیمانے پر سراہا بھی گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج کے افسران اور جوانوں نے بھی انتہا پسندی کے خلاف بھرپور کارروائی کی اور بہادری کی مثالیں قائم کیں۔ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا سہرا عوام کے سر جاتا ہے۔ ایپکس کمیٹی اور انٹیلی جنس اداروں نے بھی اپنا کردار ادا کیا۔