سیالکوٹ: بھارت نے ایک مرتبہ پھر کنٹرول لائن پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کی اور سول آبادی کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کھوئی رٹہ کے سرحدی گاؤں جگالپال کے علاقہ میں کی گئی۔
بھارت کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون زخمی ہو گئی۔ زخمی ہونے والی خاتون کی شناخت نسیم بی بی زوجہ پرویز اختر کے نام سے ہوئی جن کی عمر 44 سال ہے۔ نسیم بی بی ساکن جگالپال کی رہائشی ہیں۔ جنہیں زخمی ہونے پر فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی جارحیت پر پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی جس نے دشمن کی گنوں کو خاموش کردیا۔ واضح رہے کہ بھارت اکثر اپنی روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتا ہے اور پاکستان کی سول آبادی کو نشانہ بناتا ہے۔ گذشتہ رات بھارت کی ممکنہ جارحیت کے پیش نظر سرحدی علاقوں کے لیے ہنگامی الرٹ بھی جاری کیا گیا تھا۔آزاد کشمیر کے اداروں نے بھارت کی ممکنہ جارحیت کے پیش نظر ایل او سی پر واقع علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی،ہنگامی الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو نقل و حرکت محدود کرنے کی ہدایت کی گئی، جبکہ سول ڈیفنس کا ادارہ بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پلوامہ حملے پر بھارت کی الزام تراشیوں پر وزیراعظم عمران خان اور پاک فوج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اور واضح کر دیا کہ اگر جنگ کی کوشش کی گئی تو اس مرتبہ جواب مختلف ہوگا۔ جس پر بھارت تلملا اُٹھا اور اب کم ظرفی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر نہ صرف سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے بلکہ پاکستان کی سول آبادی کو بھی نشانہ بنا رہا ہے۔