اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے انتخابی نتائج جاری کرنے سے متعلق پریزائیڈنگ افسران کوہدایات نامہ ارسال کردیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ تمام پریزائیڈنگ افسران ووٹوں کی گنتی کے بعد فارم 45 تیارکریں گے، جس میں امیدواروں کوملنے والے ووٹوں کی تفصیلات درج ہوں گی، بچ جانے والے بیلٹ پیپرزکی تفصیلات فارم 46 میں درج کی جائیں گی۔ ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے پرنتائج کی تصدیق شدہ کاپی امیدواروں کوموقع پر جاری کی جائے گی، نتائج کی کاپی وہاں موجود پولنگ ایجنٹ کوبھی دی جا سکتی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ نتائج کی تیاری کے لیے پریزائیڈنگ افسرامیدواروں اوران کے ایجنٹس کوتحریری نوٹس بھی جاری کرے گا، نوٹس میں مقام اوروقت کا تعین کیا جائے گا، نتائج کی تیاری کے بعد پریزائیڈنگ افسرتمام انتخابی مواد پیکٹ میں بند کرکے آر او کو بھیجنے کا پابند ہے۔ پریزائیڈنگ افسران کے بھیجے گئے نتائج امیدواروں اوران کے ایجنٹس کی موجودگی میں جمع کئے جائیں گے،آراوزنتائج کی تیاری سے قبل گنتی سے بچ جانے والے بیلٹ پیپرزکا جائزہ لیں گے۔