اسلام آباد: ) توہین عدالت کیس میں طلال چوہدری نے 17 گواہوں کی فہرست سپریم کورٹ میں پیش کر دی۔ مریم اورنگزیب، مصدق ملک، رکن قومی اسمبلی سید عاشق کرمانی، شہباز بابر اور ندیم عباس کے نام بھی فہرست میں شامل ہیں۔
طلال چوہدری توہین عدالت کیس کی سماعت کے دوران لیگی رہنما کی جانب سے17 گواہوں کی فہرست سپریم کورٹ میں پیش کی گئی جس میں مریم اورنگزیب اور مصدق ملک سمیت 5 اراکین پارلیمنٹ کے نام بھی شامل ہیں۔ جسٹس گلزار احمد نے طلال چوہدری کے وکیل سے مکالمے میں کہا کہ کیس کو طوالت نہیں دے سکتے، آپ کو چاہئے تھا گواہوں کو ساتھ لیکر آتے۔
وکیل کامران مرتضی نے عدالت کو بتایا کہ گواہوں کی فہرست آج ہی فائنل کی ہے، عدالت لانے کیلئے انکی رضامندی بھی لینا پڑتی ہے۔ جسٹس گلزار نے کہا کہ یہ سارے کام آپ کو پہلے کر لینے چاہئے تھے۔ گواہوں میں ایم این اے اورایم پی اے کا کیا کام، ایسے گواہ آپ کے موکل کا کیس خراب کر دیں گے۔
عدالت نے پیمرا کے جی ایم آپریشن محمد طاہر کو بطور گواہ طلب کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی۔ گواہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ کیس سے متعلق تمام ریکارڈ بھی ہمراہ لایا جائے۔