لاہور: پنجاب سمیت ملک بھر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں شدید اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ کو خط لکھ دیا، لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے جھوٹے دعوے کرنے پر معافی مانگنے کامطالبہ کردیا۔
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ حکومت دسمبر2017ء تک لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا اعلان کر چکی ہے مگر پنجاب سمیت ملک بھر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ شدت کے ساتھ جاری ہے ، ابھی گرمی کا موسم شروع ہی ہوا ہے اور بجلی کی طلب و رسد میں 3 ہزار میگا واٹ کا فرق پیدا ہو گیا ہے شہری اور دیہی علاقوں میں 3 سے 6 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے خط میں مزید کہا گیا ہے کہ لوڈشیڈنگ جہاں حکومتی دعووں کی نفی کرتی ہے وہیں کاروباری معمولات بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
اپوزیشن قیادت نے خبر دار کیا ہے کہ معاملے کو حل نہ کیا گیا تو شہر میں امن و امان کے خدشات پیدا ہوسکتے ہیں، حکومت بجلی کے جاری اور مکمل منصوبوں کی تفصیلات پبلک کرے، لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے جھوٹے اعلان پر وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیراعظم قوم سے معافی مانگیں، یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ انرجی منصوبوں میں ہونیوالی مالی بے ضابطگیوں پر عدالتی کمیشن تشکیل دیکر تحقیقات کرائی جائیں۔