پیرس۔(عمیر بیگ)جناب معین الحق سفیر پاکستان برائے فرانس نے کہا کہ پاکستان اور فرانس کے عوام کے درمیان رابطہ کیلئے ضروری ہے کہ وہ ثقافت، کھیلوں اور تعلیمی میدان میں سے منسلک لوگوں کا تبادلہ کریں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بہتر تعلقات کیلئے ضروری ہے کہ ایک دوسرے کا احترام کیا جائے اور اس ہدف کو حاصل کرنے کیلئے علماء، فنکاروں، محققین، طلباء اور ثقافتی گروپ کا باہمی تبالہ کیا جائے۔یہ بات انہوں نے آج محترمہ جینزدوتیسغ، میئر پیرس 8 سے ملاقات کے دوران کہی۔ سفیر پاکستان نے پیرس 8 کی میئر کو اپنے سفارت خانہ کے مختلف پروگرامز جوکہ سماجی، ثقافتی، تاریخی اور آثار قدیمہ و ورثہ کے موضوعات پر مبنی ہیں کی منصوبہ بندی سے آگاہ کیا جنہیں وہ فرانسیسی عوام کیلئے متعارف کرانے کے خواہشمند ہیں۔
جناب معین الحق سفیر پاکستان نے پاکستانی عوام کی جانب سے میئر پیرس 8 اور فرانسیسی عوام کو کرسمس اور نئے سال کی مبارک باد بھی پیش کی اور یہ امید بھی ظاہر کی کہ سال 2017 پاکستان اور فرانس کے درمیان بہتر تعلقات کا ضامن بنے گا۔
محترمہ دوتیسغ نے سفیر پاکستان کو دونوں ممالک کے لوگوں کے درمیان رابطے اور سفارت خانہ پاکستان کی جانب سے فرانسیسی عوام کیلئے بنائے جانے والے تعارفی پروگرامز میں دلچسپی ظاہرکرتے ہوئے ان کی تکمیل کیلئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ یاد رہے کہ پیرس 8 ڈسٹرکٹ پیرس کا تجارتی مرکز ہے اور یہیں پر شانزے لیزے، آرک آف ٹرامپ، پیلس آف دی کنکوڈ، لیزے پیلس اور سفارت خانہ پاکستان واقع ہے اور یہ علاقہ سیاحوں کیلئے دلچسپی کا مرکز ہے