وزیر مذہبی امور نورالحق سود کے معاملے پر میدان میں آگئے، اہم اعلان کردیا
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر مذہبی امور سود کے معاملے پر میدان میں آگئے۔ مذہبی امور نورالحق قادری کا کہنا ہے کہ ریاست مدینہ میں سود نہیں ہونے دیں گئے اور ہم پہلے بلاسود بینکاری کو فروغ دیں گے جس کے بعد سود کے خاتمے کی طرف بڑھیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ کے لئے کونسل کی سفارشات چاہییں، آج کے اجلاس میں سود کے مسئلے پر غور ہوا اور سود کے خاتمے کے لیے پہلے مرحلے میں بلاسود بینکاری کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ نورالحق قادری نے کہا ہے کہ وزیراعظم اورحکومت کی خواہش ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل سے پورا فائدہ اٹھایا جائے، اس ادارے کو ماضی کی طرح غیرفعال ہونے سے بچائیں گے اور حکومت اسلامی نظریاتی کونسل کی تجاویز سے بھرپور فائدہ اٹھائے گی، وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ اسلامی نظریاتی کونسل اہم آئینی ادارہ ہے، وزیراعظم عمران خان کونسل کے چیئرمین اور ممبران سے ملاقات کریں گے، ہماری حکومت کونسل سے رہنمائی چاہے گی اور قابل عمل سفارشات پر فوری عمل کرنا چاہتے ہیں۔