میکسیکو: میکسیکو میں کار کی ایک دلچسپ انعامی لاٹری کو دنیا بھر کی خبروں میں اہمیت دی جارہی ہے کیوں کہ جیتنے والے کو فوری طور پر گاڑی نہیں ملے گی بلکہ اس نئی نویلی کار کو دفن کردیا جائے گا جسے 50 برس بعد نکال کر استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔
میکسیکو کے صوبے چی ہواہوا کے شہر اوجیناگا میں اس غیرمعمولی لاٹری کا اجرا کیا گیا ہے جس میں انعام کے طور پر ایک بالکل نئی گاڑی رکھی گئی ہے لیکن یہ کار فوری طور پر جیتنے والے کے حوالے نہیں کی جائے گی بلکہ اسے ایک ٹائم کیپسول کی طرح دفن کردیا جائے گا۔ اس گاڑی کو خود مالک یا اس کے عزیز 50 برس بعد استعمال کرسکیں گے۔ لیکن کوئی نہیں جانتا کہ 2068 میں کاریں استعمال بھی ہوں گی یا نہیں اور یہ کار اس وقت کتنی عجیب لگے گی یا متروک قرار پائے گی۔
اس کار کو ٹائم ٹریولر کا نام دیا گیا ہے جسے میکسیکو کے ایک فیسٹیول کے شرکا نے تیار کیا ہے اور فیصلہ کیا ہے کہ کار کو جیتنے والے شخص کے حوالے کرنے کے بجائے اسے دفنادیا جائے گا۔
دفناتے وقت کار کے ساتھ تصاویر، ہاتھ سے لکھے گئے خطوط اور 2018 میں استعمال ہونے والی کچھ اشیا بھی رکھی گئی ہیں۔ اسے شہر کے چوراہے میں کنکریٹ کے ایک بڑے گڑھے میں رکھا گیا ہے جسے بعد میں اچھی طرح سے بند کردیا جائے گا۔ تاہم لوگوں نے اس عمل پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس شہر میں ایسے غریب لوگ بھی ہیں جو پرانی کار کی سکت بھی نہیں رکھتے اس لیے بہتر ہوگا کہ گاڑی دفن کرنے کے بجائے اسے کسی ضرورت مند کو دے دیا جائے۔
ایک شخص نے کہا کہ وہ روزانہ اپنے بیمار بیٹے کو علاج کےلیے دوسرے شہر لے جاتا ہے جو ایک مشکل کام ہے اس لیے یہ کار اس کے کام آسکتی ہے نہ کہ 50 برس بعد کوئی اسے استعمال کرے۔ لیکن اس تمام تنقید کے باوجود لاٹری کے منتظمین اپنے فیصلے پر قائم ہیں اور چند روز بعد گاڑی کو دفن کردیا جائے گا۔