لندن: دنیا بھر میں ایسی دلچسپ اور عجیب لائبریریاں بنائی گئی ہیں جنہیں دیکھ کر حیرت ہوتی ہیں۔ اکثر لائبریریاں ایک جگہ سے دوسری جگہ کا سفر کرتی ہیں اور انہیں پالتو جانوروں سے لے کر بسوں تک میں قائم کیا گیا ہے۔ آئیں ہمارے ساتھ دنیا کی سیر پر چلیں جہاں حیرت انگیز کتب خانے آپ کے منتظر ہیں:
نائیجریا کی موبائل لائبریری
نائیجیریا کی ریاست لاگوس میں آئی ریڈ نیٹ ورک اس وقت سب سے بڑی موبائل لائبریری کی سہولیات فراہم کررہا ہے۔ فن می لاری نائجیریا کے غریب بچوں کے لیے اب امید کی ایک کرن بن چکی ہے۔
فنمی نے پہلے دو ٹوکریوں میں لائبریری کا آغاز کیا اور انہیں دور افتادہ علاقوں میں بچوں تک پہنچانے کا کام کیا اور اب چار بڑی بسوں میں کتابیں ہر ہفتے 44 مختلف دیہی علاقوں میں جاتی ہیں جس سے ہزاروں بچے استفادہ کرتے ہیں۔ تمام بسوں میں مجموعی طور پر 13 ہزار کتابیں ہیں۔
کولمبیا میں گدھے پر لدا کتب خانہ
کولمبیا کے اونچے نیچے راستوں پر گدھوں کے ذریعے کتابوں کی رسائی کا ایک نیٹ ورک بنایا گیا ہے جسے ’ببلیوٹیکا برو‘ کا نام دیا گیا ہے جس کا مطلب ہے ’گدھا لائبریری‘۔ اس لائبریری کا آغاز 20 سال قبل دو گدھوں کے ذریعے کیا گیا تھا۔
اس لائبریری کو 42 سالہ اسکول ٹیچر لوئس سورینو نے شروع کیا تھا۔ انہوں نے اسکول میں محسوس کیا کہ کئی بچے اچھی کارکردگی نہیں دکھا پاتے جس کی وجہ یہ ہے کہ ان کے پاس کتابیں نہیں ہیں۔ اب سورینو دور افتادہ پہاڑی علاقوں میں بچوں کے پاس جاتے ہیں اور انہیں کتابیں فراہم کرتے ہیں۔ ایک وقت میں ایک گدھے پر 150 کتابیں لادی جاسکتی ہیں۔
شام کی موبائل لائبریری
بم دھماکوں، دربدر کی ٹھوکروں اور جنگ کے مہیب بادلوں کے درمیان شام میں ایک رنگ برنگی وین ایسی بھی ہے جس میں کتابیں بھری ہوتی ہیں اور یہ بچوں میں علم تقسیم کرتی ہے۔ شام کی 8 سالہ جنگ میں اب ایسے بچوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے جنہوں نے کبھی اسکول کی صورت نہیں دیکھی۔
ملک رافع نے ادلیب اور حلب کے علاقے میں وین میں موبائل لائبریری شروع کی ہے۔ اب تک یہ 4000 بچوں کو کتابیں فراہم کرچکی ہے۔ اس موبائل کتب خانے میں 2000 سے زائد کتابیں موجود ہیں۔ خطرات اور ٹوٹے پھوٹے راستوں کی باوجود یہ وین ہر اس جگہ پہنچتی ہے جہاں بچے پڑھنے کے شوقین ہیں اور کتاب انہیں جنگ بیتی سے کچھ لمحات کی رخصت فراہم کرتی ہے۔
ہالینڈ کا کنٹینر کتاب گھر
ہالینڈ کے زان علاقے میں بائی بس کے نام سے ایک موبائل لائبریری کا آغاز کیا گیا ہے۔ 4 سے 12 سال تک کے بچوں کے لیے بنائی گئی ہے اور تمام کتابیں ایک کنٹینر میں رکھی گئی ہیں۔ 12 میٹر وسیع کنٹینر کو تنگ گلیوں اور گنجان آباد علاقوں کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اب تین بسیں ہر سال 10 ہزار بچوں میں کتابیں تقسیم کرتی ہیں اور بچے ایک ماہ میں کتاب پڑھ کو واپس کردیتے ہیں۔