کینیا: انسانوں کی اس دنیا میں ہم جانوروں کو زیادہ غور سے نہیں دیکھتے تاہم ان کی کچھ ادائیں ایسی بھی ہوتی ہیں جنہیں دیکھ کر بے اختیار ہنسی آ جاتی ہے۔
جنگلی حیات کی مضحکہ خیز تصاویر کے مقابلے میں دنیا کے 86 ممالک سے 3500 کے قریب تصاویر موصول ہوئیں جن میں سے 40 تصاویر کو بہترین قرار دیا گیا ہے اور انہیں دیکھ کر چہرے پر ہنسی آنا لازم ہے۔ جنگلی حیات کا تحفظ اس تصویری مقابلے کا لازمی عنصر تھا اور حتمی تصاویر کا اعلان 14 دسمبر کو کیا جائے گا۔ ان 40 تصاویر کو منتخب کرنے والے ججز میں کامیڈین ہیوگ ڈینس، صحافی الیور اسمتھ، جنگلی حیات کے فوٹوگرافر ول لوکاس اور ٹی وی پریزینٹر کیٹ بمبل شامل تھیں۔
تو ان 40 میں سے کچھ بہترین منتخب تصاویر کو دیکھتےہیں۔
آسٹریلیا میں ایک سرخ کینگرو صبح کے وقت کنگ فو اسٹائل میں اپنے داؤ پیچ دکھاتے ہوئے۔
کینیا کے قومی پارک میں ایک جنگلی بھینسا اکتا کر اپنے ہی دوستوں کی پیٹھ پر کھڑا ہوا ہے۔
یہ تصویر کیلیفورنیا کی ہے جہاں ایک اود بلاؤ نیند سے جاگنے کے بعد عین انسانوں کی طرح خوشگوار موڈ میں نظر آرہا ہے۔
تصویر دیکھ کر لگتا ہے کہ ایک زرافہ ہوائی جہاز میں سوار مسافروں کے سیٹ بیلٹ چیک کررہا ہے۔ یہ تصویر کینیا کے میسائی مارا پارک میں لی گئی ہے۔
معمولاتِ زندگی سے اکتا کر دو بندر خوشگوار موڈ میں بائیک چلانے کی کوشش کررہے ہیں۔ یہ تصویر انڈونیشیا کے تانگ کوکو بیتانگس پارک سے لی گئی ہے۔
مڈغاسکر میں ایک گرگٹ شکار کرنے کے بعد ڈانس کرتے ہوئے۔
آسٹریلیا کی پانیوں میں ایک سبز کچھوا اپنی ساتھی مچھلی کو اپنا پر مارتے ہوئے آگے بڑھ رہا ہے اس تصویر میں مچھلی کو غور سےدیکھیں تو اس کا لطف آئے گا۔
سان ڈیاگو کیلیفورنیا میں ایک سمندری سیل گویا قہقہہ لگارہی ہے۔
ایک قسم کی چوہیا کا بچہ پھولوں کے درمیان مسکرا رہا ہے۔
بھارتی علاقے مغربی بنگال میں ایک کیکڑے کی آنکھ میں ریت چلی گئی ہے اور وہ اپنی آنکھ صاف کر رہا ہے۔ یہ کیکڑا ریڈ گوسٹ کریب کہلاتا ہے۔
ایک پرندے اپنے غول سے آگے نکل گیا ہے اور اس کے عقب میں ایک طیارہ دھواں چھوڑتا جارہا ہے۔ اس تصویر کا وقت بہت اچھا ہے۔