ایکواڈور: پتلا نذر آتش
ایکواڈور کے لوگ نئے سال کی رات کی درمیانی پہر اپنے گھروں سے نکل آتے ہیں اور ایک پتلے کو آگ لگاتے ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ اس طرح گزشتہ سال کی ساری تلخ یادیں اور نئے سال کے آسیب جل کر ختم ہوجاتے ہیں۔
لاطینی امریکا: خالی سوٹ کیس
لاطینی امریکا کے کئی ممالک میں نئے سال کی رات کو لوگ گھر کے کونے یا دروازے پر خالی سوٹ کیس رکھ دیتے ہیں۔ بعض دفعہ سوٹ کیس کو گھر میں گھمایا بھی جاتا ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ نئے سال پر سفر اور رزق کے مواقع ملیں گے۔
اسپین:نئے سال کی رات 12 انگور کھائے جاتے ہیں
اسپین اور لاطینی امریکا کے بعض مقامات پر لوگ اس وقت تک انگور کھاتے رہتے ہیں یہاں تک کہ جب گھڑی یکم جنوری کو ظاہر کرتی ہے۔ بعض لوگ نیا سال شروع ہونے سے 12 گھنٹے میں ہر گھنٹے ایک انگور کھاتے ہیں تاکہ اگلے 12 ماہ خوراک اور خوشبختی ان کے ساتھ شامل رہے۔
بیلاروس: مرغ سے شادی کی پیشگوئی
بیلاروس میں کنواری لڑکیاں ایک دائرے میں بیٹھ جاتی ہیں اور ہر لڑکی اپنے سامنے مکئی کے کچھ دانوں کا ڈھیر بناتی ہے۔ اس کے بعد ایک مرغ کو دائرے میں لایا جاتا ہے اور جس لڑکی کے سامنے سے وہ مکئی چگتا ہے اس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس سال وہ دُلہن بن جائے گی۔
چین: گھر کی انوکھی صفائی
نئے چینی سال کو ’’جشنِ بہاراں‘‘ بھی کہا جاتا ہے تو جو شمسی اور قمری کیلنڈر کے لحاظ سے ہوتا ہے۔ اس کی تقاریب جنوری کے آخر اور فروری کے وسط کسی موقع پر شروع ہوتی ہیں۔ اس کے لیے چینی دیوار کے اوپری حصے سے لے کر نیچے تک گھر کو صاف کرتے ہیں لیکن جمع ہونے والی گرد کو گھر کے پچھلے دروازے سے باہر پھینکا جاتا ہے۔
ڈنمارک : ٹوٹے برتن پڑوس کے گھر پر
ڈنمارک میں نئے سال کے موقع پر پڑوسی باہمی رضامندی سے ایک دوسرے کے گھر ٹوٹی ہوئی پلیٹیں اور برتن پھینکتے ہیں۔ اس کا مقصد بھی خوش بختی ہوتا ہے۔
رومانیہ: ریچھ کی کھال میں رقص
رومانیہ کے دیہاتوں میں لوگ ریچھوں کی کھال پہن کر رقص کرتے ہیں تاکہ بد بختی اور نحوست دور بھاگ جائے۔ یہ رسم ہر سال کرسمس اور نئے سال کے درمیان کسی وقت کی جاتی ہے۔
جنوبی افریقہ: فرنیچر کھڑکی سے باہر
جوہانسبرگ میں ہر سال لوگ اپنا فرنیچر گھر سے باہر پھینک دیتے ہیں۔ خاص طور پر ہل برو کے لوگ کئی منزل کی بلندی سے بھی فرنیچر کو نیچے پھینک دیتے ہیں۔ اس سے کئی لوگ زخمی ہوتے ہیں اور ہرسال پولیس اور امدادی اداروں کو طلب کرنا پڑتا ہے۔
ایسٹونیا: 7 مرتبہ کھانا
ایسٹونیا والے سال کے آخری دن ایک دو مرتبہ نہیں بلکہ 7 سے 12 مرتبہ کھانا کھاتے ہیں اگرچہ تھوڑا تھوڑا ہی سہی۔ اس کا مطلب ہے کہ پورے سال رزق کی فراوانی رہے گی اور خوشحالی آئے گی۔
برازیل: سمندر میں سفید پھول اور تحفے
بہت سے برازیلیوں کا عقیدہ ہے کہ اگر سمندر کی ایک فرضی دیوی ’’یمانجہ‘‘ کو تحفے دیئے جائیں تو زندگی میں خوشی اور فارغ البالی آتی ہے۔ اس کے لیے کئی برازیلی باشندے ریوڈی جنیرو کے ایک ایک ساحل پر جاکر سفید پھول اور تحفے سمندر کی نذر کرتے ہیں۔ کچھ لوگ سمندر کے پاس جاکر 7 لہروں کو چھلانگ لگا کر عبور کرتے ہیں۔