اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزارت داخلہ نے ملک بھر کے تمام تھانوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے بلوچستان میں سیف سٹی شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت داخلہ بلوچستان حکومت کیساتھ مل کر پروجیکٹ مکمل کرے گی۔ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے تھانوں میں تشدد کی روک تھام اور شفاف تفتیش کے لیے بھی اہم قدم اٹھاتے ہوئے تمام تھانوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تھانوں میں ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے کنٹرول روم بنایا جائے گا۔ وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے تمام اقدامات جلد کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ہنگامی بنیادوں پر انسداد ڈینگی مشن شروع کر دیا اور ایک ہی دن میں تین بڑے شہروں راولپنڈی، سرگودھا اور فیصل آباد کے طوفانی دورے کرکے ڈینگی سے بچائو اور مریضوں کے علاج معالجے کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے ہنگامی بنیادوں پر واک ان انٹرویو کے ذریعے ایک ہزار ڈاکٹر اور ایک ہزار نرسز بھرتی کرنے کا اعلان بھی کیا۔ ڈینگی مہم میں دن رات کام کرنے والے ڈاکٹروں اور نرسوں کو کارکردگی کی بنیاد پر ایمرجنسی الائونس بھی دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے راولپنڈی کے ہسپتالو ںمیں ایمرجنسی نافذ کر دی اور سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کو راولپنڈی میں ہی قیام کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ کی حکم پر تین موبائل ہیلتھ یونٹ راولپنڈی پہنچ گئے اور ڈینگی کے مریضوں کی تشخیص کیلئے 6 فلٹر کلینکس قائم کر دیئے گئے۔وزیراعلیٰ نے راولپنڈی میں مزید 6 فلٹر کلینکس قائم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار لاہور سے راولپنڈی پہنچے جہاں انہیں کمشنر آفس میں ڈینگی سے بچائو اور علاج کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی سے ڈرنا نہیں بلکہ لڑنا ہے۔ اس کے خاتمے اور مریضوں کے علاج کی کوششوں کو تیز تر کرتے ہوئے کلینیکل مینجمنٹ پر بھرپور توجہ دی جائے اور کوالٹی سرویلنس یقینی بنائی جائے۔