اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے 17 ماہ بعد سینیٹ کا بائیکاٹ ختم کردیا۔ ایوان بالا آئے تو امارات کے وزیر کو بھرپور جواب دینے پر خوب پزیرائی بھی ملی۔
چوہدری نثار نے 17 ماہ قبل ڈرون حملوں میں ہلاکتوں کے غلط عداد و شمار پر اپوزیشن کے احتجاج کے بعد سینٹ کا بائیکاٹ کیا تھا۔ وزیر داخلہ کے خلاف اپوزیشن سینٹرز نے احتجاجی کیپمس بھی لگائے، لیکن وہ ایوان میں نہ آئے۔
اب ایوان بالا نیا ہے اور وزیر داخلہ نے بھی اپنی ناراضی ختم کر دی۔ وزیر داخلہ کو ایوان میں دیکھ کر سینیٹرز نے ڈیسک بجا کر خوش آمدید کہا، ماضی کے ناقد اور موجودہ چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کی بھی جونہی نظر پڑی فورا ًویلکم کہا۔
مشاہد حسین سید اور تحریک انصاف کے سینیٹر نعمان وزیر نے امارت کے وزیر کے بیان پر چوہددری نثار کے جواب کو خوب سراہا۔ سینیٹر الیاس بلور بولے آپ ہم سے روٹھے تھے واپس آنے پر ویلکم کرتے ہیں۔