اسلام آباد: وزارت داخلہ نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کا شناختی کارڈ بلاک کرنے کیلئے نادرا کو خط لکھ دیا۔ تاہم نادرا ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں اس حوالے سے کوئی تحریری حکم نامہ نہیں ملا البتہ صرف زبانی طور پر آگاہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے وزارت داخلہ کی طرف سے یہ حکم نامہ خصوصی عدالت کی ہدایت پر جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کا شناختی کارڈ بلاک کر دیا جائے۔ نادرا ذرائع کا کہنا ہے و زارت داخلہ کا خط موصول ہونے کے بعد نادرا سابق صدر کا شناختی کارڈ بلاک کریگا، اس سے ان کا پاسپورٹ بھی از خود بلاک ہو جائے گا جس کے بعد وہ کوئی سفر نہیں کرسکیں گے ، ان کا کسی بھی ملک کیلئے سفر کرنا غیر قانونی تصور کیا جائے گا۔
سابق صدر کا شناختی کارڈ بلاک کیے جانے کی صورت میں پاکستان میں انکے بینک اکاؤنٹس بھی منجمد ہو جائینگے اور وہ کوئی پراپرٹی بھی نہیں خرید سکیں گے۔