چمن سمیت بلوچستان کے کئی اضلاع میں بارشوں کا نیاسلسلہ شروع ہوگیا۔گلگت بلتستان کے ضلع استور اورغذر میں وقفے وقفے سے برف باری کاسلسلہ جاری ہے،ملک کے بالائی علاقوں میں خون جمادینے والی سردی نے نظام زندگی کو بھی مفلوج کردیا ہے۔
گلگت بلتستان کے ضلع استور میں برف باری تھمنے کا نام ہی نہیں لےرہی،استور کےبالائی علاقوں میں 9روز سے وقفے وقفے برف باری جاری ہے۔ ضلع غذرکے میدانی علاقوں میں بارش اوربالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ پھر سے شروع ہوگیا ہے،ضلع لوئر دیر اور گردو نواح میں موسم ابر آلود ہے جبکہ بالائی علاقوں میں برف باری سے رابطہ سڑکیں بند ہیں۔ سردی اور برف باری کا مزہ لینے کے لیے سیاحوں کی بڑی تعداد مری پہنچ رہی ہے۔ ادھربارش برسانے والی ہوائیں پھر بلوچستان پہنچ گئیں اور چمن ، قلعہ عبداللہ ، مسلم باغ اور پشین میں بارش ہوئی ہے۔ پنجاب میں ٹوبہ ٹیک سنگھ،چیچہ وطنی سمیت مختلف شہروں میں بارش نے ٹھنڈ میں ایک بار پھر اضافہ کردیا ہے،سندھ میں بھی بیشتر شہروں میں موسم سرد ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک لیکن سرد رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ شمالی پنجاب، کشمیر، قبائلی علاقوں اور شمالی خیبر پختونخوا میں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔