کراچی : پاکستانی ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے زمبابوین ٹیم کی کامیاب میزبانی پر کہا ہے کہ دنیا کی دیگر ٹیموں کو بھی پاکستان آنا چاہیے، زمبابوین ٹیم نے پاکستان میں گذشتہ دنوں میں 2 ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچز پر مشتمل انٹرنیشنل سیریز کھیلی ہے۔
مصباح کا کہنا تھا کہ افریقی ٹیم کی آمد پر ملکی شائقین نے بھرپور جوش وجذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملکی پلیئرز کے ساتھ ساتھ مہمان کھلاڑیوں کو بھی عمدہ کھیل پر دل کھول کرداد پیش کی اور دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستان بین الاقوامی کرکٹ کی میزبانی کرنے کی صلاحیت رکھتا اور اس کے شائقین کھیل کی مثبت سرگرمیوں کو ملک میں پروان ہوتے ہوئے دیکھنے کے آرزومند ہیں۔
مصباح الحق نے مزید کہا کہ پاکستانی شائقین کھیل سے محبت کرتے ہیں، اس کے لیے ان کا جذبہ اور جنون مثالی ہے، اس کا مظاہرہ قذافی اسٹیڈیم میں منعقدہ میچز میں شائقین کی جوق درجوق آمد سے لگایا جاسکتا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ان مقابلوں کے کامیاب انعقاد سے دنیا بھر کو یہ واضح پیغام گیا ہے کہ پاکستانی قوم کو کرکٹ سے الگ نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب ہر ملک اور خصوصاً کرکٹ کھیلنے والی اقوام کو پاکستان آکر ہماری مدد کرنی چاہیے، تاکہ ہم اپنے ملک میں مزید بین الاقوامی میچز کا انعقاد ممکن بنائیں، پاکستان نے زمبابوے کیخلاف ون ڈے سیریز کے ابتدائی دونوں میچز جیت کر سیریز پہلے ہی اپنے نام کرلی ہے، یہ 2008 کے بعد پاکستان کی پہلی ون ڈے ہوم سیریز میں فتح بھی ریکارڈ ہوئی ہے۔