اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت میں ایک بجے تک وقفہ کردیا۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر سابق وزیراعظم محمد نواز شریف، مریم نواز، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت کررہے ہیں۔ سماعت کے آغاز میں نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ نیب ریفرنسزیکجاکرنےکی درخواستوں پرفیصلہ آج سنایاجائے گا، اسلام آباد ہائیکورٹ کاڈویژنل بینچ ساڑھے 12بجےتک فیصلہ سنائےگا۔ خواجہ حارث نے درخواست کی کہ سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کی جائے۔
احتساب عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت ایک بجے تک ملتوی کردی۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ اس موقع پر مسلم لیگ(ن)کےکارکن فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس کے باہر موجود تھے۔ مریم نواز،کیپٹن(ر)صفدراوراسحاق ڈارکےخلاف ایک ایک ریفرنس کی سماعت جبکہ نوازشریف کےخلاف 3 ریفرنسز کی سماعت ہورہی ہے۔
ایس ایس پی جمیل ہاشمی کا کہنا ہے کہ نوازشریف،مریم نوازاورکیپٹن(ر)صفدرکی پیشی پرسیکورٹی سخت کی گئی ہے، سیکورٹی کے لیے عدالتی احکامات پرعمل کرایاجائےگا۔ قبل ازیں سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف جاتی امراء لاہور سے اسلام آباد پہنچے تھے۔ آج دوپہر مسلم لیگ ن کی نئی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا پہلا اجلاس بھی طلب کیاگیا ہے جس کی صدارت سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کریں گے۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کی 14 جبکہ فلیگ شپ انوسٹمنٹ اور العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنسز کی اب تک 15 سماعتیں ہو چکی ہیں جن میں نواز شریف 8 مرتبہ عدالت کے سامنے پیش ہوچکے ہیں۔ اب تک ان ریفرنسز میں استغاثہ کے 6 گواہ اپنے بیانات ریکارڈ کرا چکے ہیں جبکہ دو مزید گواہوں کو عدالت نے بیان ریکارڈ کرانے کے لیے آج طلب کر رکھا ہے۔