اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی انتخابات کی تفصیل الیکشن کمیشن میں جمع کرادی ہے جس کے تحت عمران خان ایک مرتبہ پھر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین جب کہ شاہ محمود قریشی وائس چیئرمین منتخب ہوگئے۔
پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن میں انٹرا پارٹی انتخابات کی تفصیلات جمع کرادیں۔ جس کے مطابق پارٹی الیکشن میں احتساب پینل اور انصاف پینل مدمقابل تھے۔ الیکشن کے دوران دونوں پینلزکو کل 2 لاکھ 56 ہزار 957 ووٹ پڑے۔ انصاف پینل نے ایک لاکھ 89 ہزار 55 ووٹ حاصل کیے اور مدمقابل احتساب پینل کو 41 ہزار647 ووٹ ملے جب کہ 26 ہزار 255 ووٹ مسترد ہوئے۔ نتائج کے تحت ایک مرتبہ پھر عمران خان پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین ، شاہ محمود قریشی وائس چیئرمین منتخب ہوگئے ہیں۔ واضح رہے کہ عوامی نمائندگی ایکٹ کے تحت انٹرا پارٹی انتخابات کی تفصیل جمع کرانا لازم ہے۔ الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی انتخابات جمع نہ کرانے پر تحریک انصاف کا انتخابی نشان واپس لے لیا تھا۔