اسلام آباد: فیڈرل بورڈآف ریونیو (ایف بی آر) نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے اثاثہ جات کی چھان بین اورٹیکس معاملات کاآڈٹ کرنیکافیصلہ کیاہے۔
ذرائع نے بتایا ایف بی آرکی جانب سے ٹیکس ایئر 2015 کے آڈٹ کیلیے جمعرات کو پیرامیٹرک کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی میں آڈٹ کیلیے منتخب ٹیکس دہندگان میں عمران خان کانام بھی شامل ہونیکا انکشاف ہواہے۔ ذرائع نے بتایا عمران خان کیجانب سے ظاہرکردہ آمدن واثاثہ جات اورٹیکس میں بڑے پیمانے پرتفریق پائی جاتی ہے جس کی بنیاد پر ان کانام آڈٹ میں شامل ہواہے۔ ایف بی آرکی جانب سے جاری گزشتہ دوسال کی ٹیکس ڈائریکٹریزمیں ارکان پارلیمان کے ٹیکسوں کی تفصیلات میں واضح ہے۔عمران خان نے ٹیکس ایئر2013ء میں مجموعی طورپرایک لاکھ 94 ہزار 936 روپے ٹیکس اداکیا، ٹیکس ایئر2014ء میں مجموعی طورپر2لاکھ18ہزار237روپے ادا کیا جوٹیکس ایئر 2013 کے مقابلے میں23 ہزار301 روپے زیادہ تھا، ٹیکس ایئر2015میں صرف 76 ہزار244 روپے ٹیکس اداکیاجوٹیکس ایئر2014کے مقابلہ میں ایک لاکھ41ہزار 993 روپے کم ہے، یہی ان کے آڈٹ کیلیے منتخب ہونے کی ایک اہم وجہ ہے۔ذرائع نے بتایا اسپیکرقومی اسمبلی ایاز صادق کانام بھی آڈٹ کیلیے منتخب لوگوں میں شامل ہے۔