اسلام آباد (یس ڈیسک) پیٹرول بحران کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لئے بنائی گئی تحقیقاتی کمیٹی نے ابتدائی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی جبکہ کمیٹی نے بحران کا ذمہ دار اوگرا کو ٹھہرا دیا۔
وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت پیٹرول بحران کی صورتحال سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں گزشتہ روز بحران کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لئے بنائی گئی تحقیقاتی کمیٹی نے ابتدائی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کر دی۔ تحقیقاتی رپورٹ میں بحران کو ذمہ داری اوگرا کو ٹھہراتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پیٹرول کی اچانک قلت ہونا اوگرا کی سنگین ناکامی ہے۔ اجلاس نے پیٹرول کی قلت پر معطل کئے گئے 4 افسران کو معطل کرنے کے فیصلے کی بھی توثیق کردی۔
اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے حکام کو ہدایت کی کہ فوری طور پر پیٹرول بحران کا حل نکالا جائے اور ایسے اقدامات کئے جائیں کہ آئندہ ایسی صورتحال پیدا نہ ہو۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نے پیٹرول بحران کا نوٹس لیتے ہوئے 4 افسران سیکرٹری پیٹرولیم عابد سعید، ایم ڈی پی ایس او امجد جنجوعہ، ایڈیشنل سیکرٹری نعیم ملک اور ڈی جی آئل محمد اعظم کو معطل کردیا تھا۔