لاہور(ویب ڈسیک ) پی سی بی کرکٹ کمیٹی نے محسن حسن خان کو چیف سلیکٹر بنانے پر اتفاق کرلیا،اراکینکرکٹ کمیٹی کے مابین مکی آرتھر کے معاہدے میں توسیع پر اتفاق نہ ہو سکا، چئیرمین پی سی بی کو تجاویز ارسال کر دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پی سی بی کرکٹ کمیٹی نے محسن حسن خان کو نیا چیف سلیکٹر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔کرکٹ کمیٹی کے اراکین نے محسن حسن خان کی تقرری کیلئے اتفاق کیا۔ جبکہ کرکٹ کمیٹی کے اراکین کی اکثریت نے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے معاہدے میں توسیع کرنے کی مخالفت کی۔ مزید بتایا گیا ہے کہ سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے۔ پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں طویل غور و فکر کیا گیا۔کمیٹی اراکین کے درمیان سرفراز احمد کو تینوں طرز کی کرکٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے پر اتفاق نہیں ہوا۔ذرائع کے مطابق سرفراز احمد اب صرف ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان برقرار رہیں گے۔ شاداب خان کو ایک روزہ جبکہ اظہر علی کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بنائے جانے کا امکان۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی نے کپتان سرفراز احمد کی کارکردگی اور فٹنس پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تینوں فارمیٹ کی کپتانی کے دوران ان سے کئی غلطیاں ہوئیں۔ذرائع کے مطابق کرکٹ ٹیم کی تین سالہ کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے ہونے والا کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میںکرکٹ کمیٹی کے رکن و سابق کپتان وسیم اکرم نے کپتان سرفراز احمد سے کہا کہ ورلڈکپ میں بھارت کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے، اگر آپ کو سمجھ نہیں آرہا تھا تو آپ مجھ سے فون کرکے پوچھ سکتے تھے۔سرفراز احمد، سابق کپتان کی بات سننے کے بعد کچھ دیر کیلئے حیرت میں مبتلا ہوگئے۔بعد ازاں کپتان اور کوچ نے ورلڈکپ میں ٹیم کی کارکردگی کو تسلی بخش قراردیا۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ بطور چیف سلیکٹر میں نے اور پوری سلیکشن کمیٹی نے نیک نیتی کے ساتھ کام کیا۔ مکی آرتھر نے ٹیم کی ورلڈکپ میں خراب کارکردگی کی وجہ فیلڈنگ اور کیچ ڈراپ ہونے کو قرار دیا۔ اجلاس میں مکی آرتھر نے محدود اوورز کی کپتانی کیلئے شاداب خان تجویز کیا۔ مکی نے کہا کہ ورلڈ کپ میں ٹیم کارکردگی سے مطمئن ہوں تاہم یہ مزید بہتر ہوسکتی تھی۔ اب ذرائع کے مطابق پی سی بی کرکٹ کمیٹی نے قومی کرکٹ ٹیم میں تبدیلیوں کیلئے تجاویز کو حتمی شکل دے دی ہے اور یہ تجاویز چئیرمین پی سی بی کو ارسال کر دی گئی ہیں۔