واشنگٹن…….اوباما انتظامیہ اور ایپل کمپنی کے درمیان آئی فون ڈیٹا تک رسائی کے تنازع میں امریکا کی دیگر ٹیکنالوجی کمپنیاں بھی میدان میں آ گئیں جنہوں نے ایپل کے ساتھ مل کر مشترکہ قانونی لائحہ عمل تیار کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
امریکی حکومت اور ایپل کمپنی کے درمیان آئی فون ڈیٹا تک رسائی کا معاملہ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ اب اس جنگ میں امریکا کی انٹرنیٹ اور ٹیکنالوجی کمپنیاں بھی ایپل کمپنی کے ساتھ کھڑی ہو گئی ہیں۔گوگل، فیس بک اور مائیکرو سافٹ سمیت ایک درجن سے زائد کمپنیوں نے عدالت میں مشترکہ قانونی بیان جمع کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔امریکی عدالت نے ایف بی آئی کی درخواست پر ایپل کمپنی کو سان برنارڈینو حملے میں ملوث سید رضوان فاروق کے آئی فون ڈیٹا تک رسائی دینے کا حکم دیا تھا اور ایپل نے عدالتی حکم ماننے سے انکار کیا تھا۔کمپنی کا مؤقف ہے کہ اس طرح کے اقدام سے ایک خطرناک مثال قائم ہوگی اور صارفین کی سیکیورٹی کو خطرہ ہو گا۔