کھاریاں(نیئر صدیقی سے) اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں میاں محمد اقبال مظہر نے کہا ہے کہ اسلامی تعلیمات میں حصول علم کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔ حصول علم پر جس قدر زور اسلام میں دیا گیا ہے دنیا کے کسی مذہب میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ یونائیٹڈ سکول سسٹم کھاریاں کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یونائیٹڈ سکول نے اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ اسلامی تربیت فراہم کر کے نئی نسل کے مستقبل کی راہیں متعین کر دی ہیں۔ سکول کے بچوں کے تعلیمی ریکارڈ اور مثبت ہم نصابی سرگرمیوں کو دیکھ کر ان کے تابناک مستقبل کی پیشین گوئی کی جا سکتی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں میاں اقبال مظہر، چیئرمین سکول میاں غالب حسین، قاضی توقیر حسین چشتی، نیئر صدیقی اور چوہدری بنارس علی پوزیشن ہولڈرز طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پرسکول کے بچوں نے نعتیں، عارفانہ کلام، مختلف خاکے ، ٹیبلوز بھی پیش کئے۔