لاہور…. لاہور میں علامہ اقبال کے مزار کو سیکورٹی خدشات کے پیش نظر بند کئے جانے کے بعد اب اقبال میوزیم پر بھی تالے لگا دیئے گئے ہیں،انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیکورٹی خدشات ا پنی جگہ ،میوزیم کو ضروری مرمت کے لئے بند کیا گیا ہے۔
حکومت پنجاب نے کچھ عرصہ قبل سیکورٹی خدشات کے پیش نظر شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ اقبال کے مزار کو عام افراد کے لئے بند کر دیا تھا،اب لاہور ریلوے اسٹیشن کے قریب علامہ اقبال روڈ پر واقع اقبال میوزیم کے داخلی دروزے کو تالے لگا کر سیل کر دیا گیا ہے،جس سے میوزیم دیکھنے کے خو اہش مند افراد کو مایوسی ہو رہی ہے۔یہ کارپورچ اقبال میوزیم کا ہے جس کی چھت توڑ دی گئی ، مرکزی دروازے سے ملحقہ برآمدے اور کمرے کی چھت بھی گرا دی گئی ہے ،انتظامیہ کا کہنا ہے کہ میوزیم کی چھتیں کافی خراب ہو چکی تھیں ،جنہیں تبدیل کرنا ضروری تھا۔اقبال میوزیم کی چار دیواری اونچی کرنے کے ساتھ ساتھ اس پر خار دار تار بھی لگائے جائیں گے،مرکزی دیوار پر بھی لوہے کے جنگلے لگائے جارہے ہیں،انتظامیہ کا کہنا ہے کہ میوزیم کی تعمیر ومرمت کا کا م تسلی بخش کرایا جارہا ہے ہے ۔لاہور میں علامہ اقبال کے میوزیم کی تعمیر ومرمت کاکام سست روی کا شکار ہے، یہ تاریخی میوزیم عوام کے لئے کب کھلے گا کسی کو کچھ معلوم نہیں