واشنگٹن: امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان مارک ٹونرنے کہاہے کہ ایران کا خطے میں برتاؤ بالخصوص شام اور یمن کے حوالے سے رویہ غیر مثبت اور غیر تعمیری ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز معمول کی بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ پورے خطے میں خاص طور پر شام اور یمن کے حوالے سے اپنے رویے کو تبدیل کرے۔ امریکی ترجمان نے باور کرایا کہ خطے میں ایران کا برتاؤ ایٹمی معاہدے کے بعد بھی تبدیل نہیں ہوا۔
امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران میں امریکا دشمنی پر مبنی نعرے انتہا پسند سیاسی موقف کی ترجمانی کرتے ہیں، تاہم یہ ایران اور امریکا کے درمیان تعاون کی راہ میں رکاوٹ ہر گز نہیں بنیں گے۔انھوں نے مزید کہا کہ ہم خطے میںبالخصوص شام ، یمن اور مشرق وسطی کے دیگر علاقوں کے حوالے سے ایران کے مستقبل کے رویے کی جانب دیکھ رہے ہیںاور امید کرتے ہیں کہ اس کا موقف مثبت اور تعمیری ہوگا۔