مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ سے ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست اور جاپان کے سفیر تاکاشی نے ملاقات کی ہے۔
ایرانی سفیر سے ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات اور سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ناصر جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے، موجودہ حالات میں دونوں ممالک کو مزید قریب آنے کی ضرورت ہے۔ ایرانی سفیر نے باہمی تجارت اور بینکنگ کے شعبے میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا، جس پر ناصر جنجوعہ نے یقین دہانی کرائی کہ متعلقہ حکام ایران کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اقدامات کریں گے۔
افغانستان میں امن اور مصالحتی عمل کے لیے کوششوں میں تعاون پر اتفاق کرتے ہوئے ناصر جنجوعہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان نے افغانستان اور بھارت میں امن کی تمام کوششوں کی حمایت کی، پرامن بقائےباہمی کے تحت ہمسایہ ملکوں سے اچھے تعلقات کے لیے کوشاں ہیں۔ مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ سے جاپان کے سفیر تاکاشی کورائی نے بھی ملاقات کی اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ جاپان پاکستان کا قریبی دوست اور بااعتماد اقتصادی شراکت دار ہے۔