اسلام آباد(ایس ایم حسنین)پاک ایران بارڈر پرسرحدی منڈیوں کے قیام کیلئے ایرانی حکومت نے منظوری دیدی، یہ بات وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی سے پاکستان میں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے ملاقات میں کہی۔ ایرانی سفیر نے علی زیدی کو بتایا کہ ایران کی جانب سے بارڈر مارکیٹس کے قیام کے لئے تقریباً تمام رسمی منظوری دے دی گئی ہے۔ اس دوران وفاقی وزیر علی زیدی نے سرحدی منڈیوں کے قیام میں پاکستان حکومت کی طرف سے ایران کو مکمل تعاون اور سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات کے دوران علی زیدی نے پاکستان اور ایران کے مابین روایتی طور پر مضبوط برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین تمام جہتوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔