تہران: ارجنٹائن کے فٹبال اسٹار لیونل میسی سے حیرت انگیز حد تک مشابہت رکھنے والے ایرانی نوجوان رضا پرستش کو پولیس تھانے لے گئی۔
ایران کے شہر ہمدان میں 25 سالہ رضا پرستش کے ساتھ سیلفی لینے والوں کا رش اتنا زیادہ ہو گیا کہ آمد ورفت میں خلل پڑنے لگا، ہجوم کو منتشر کرنے کیلیے پولیس رضا کو تھانے لے گئی جبکہ اس کی کار بھی ضبط کر لی گئی۔ سپر اسٹار سے مشابہت نے رضا پرستش کی زندگی ہی بدل دی ہے، بارسلونا کی 10 نمبر والی شرٹ کےساتھ تصویر مشہور ہونے پر رضا نے میسی کی طرح داڑھی رکھی اور بال بھی ویسے ہی بنوا لیے۔
رضا نے میڈیا کو بتایا کہ لوگ مجھے ایرانی میسی سمجھتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ میں یہی حلیہ اپنائے رکھوں، کہیں بھی جاتا ہوں تو لوگ حیران ہوتے ہیں، میری وجہ سے لوگوں خوش ہوتے ہیں تو مجھے بھی خوشی ہوتی ہے اور یہی میری طاقت ہے۔ فٹبال کے دلچسپ کرتب سیکھ رہا ہوں۔ ماڈلنگ کیلیے بھی آفرز ہو رہی ہیں، میسی سے ملنے کی خواہش ہے۔