ریاض…….تہران میں سعودی سفارتخانےپرمظاہروں کے بعد سعودی حکام نے ایرانی سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔سعودی حکام نے کہا ہے کہ ایرانی سفیر 24 گھنٹے میں ملک چھوڑدیں۔ اسکالر شیخ نمر کی سزا ئے موت کے بعد ایران اور سعودی عرب کے تعلقات کشیدہ ہوگئے ہیں ۔سعودی عرب میں اسکالر شیخ نمر کو سزا کےبعد سعودی عرب ، بحرین ، یمن اور خطہ سے باہر دیگر ملکوں میں بھی مظاہرے ہوئے مگر ایران میں بات بہت آگے نکل گئی۔ گزشتہ روز مشتعل ہجوم نےتہران میں سعودی سفارت خانےپر دھاوا بول دیا۔ مظاہرین سفارت خانے کے اندر داخل ہوئے ، توڑ پھوڑ کی اور املاک کو آگ لگائی ۔جس کے بعد سعودی عرب نے بھی الٹی میٹم دے دیا کہ ایران کا سفیر 24 گھنٹے میں ملک سے نکل جائے ۔ ایران کی اعلیٰ قیادت نے بھی شیخ نمر کی پھانسی پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔ اب سے پہلے تک شام اور یمن میں ایران اور سعودی عرب مخالف فریقوں کی حمایت کرکے ایک دوسرے کے مدمقابل تھے ہی مگر اب کھل کر سامنے آگئے ہیں ۔ جس سے خطہ کے تنازعات میں مزید بگاڑ آنے کا خدشہ ہےاور خطے میں تقسیم بھی مزید گہری ہوتی جارہی ہے۔ حال ہی میں سعودی عرب کی قیادت میں بننے والے 34 رکنی اتحاد میں بھی ایران شامل نہیں ہوا۔