counter easy hit

غیر مہذب رقص کرنے پر ایرانی لڑکی گرفتار

ایرانی حکومت نے 18 سالہ جمناسٹک کی ماہر مائدہ ھژبری کو غیر مہذب ڈانس کرکے لوگوں کو گمراہ کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

ایرانی حکومت نے نوجوان ڈانسر کو 2 دن قبل ریاستی ٹیلی وژن پر نشر ہونے والے ایک اعترافی بیان کے بعد گرفتار کیا، جس میں مائدہ ھژبری نے اعتراف کیا کہ ان کا رقص غیر مہذب تھا۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) کے مطابق ایران کے سرکاری ٹی وی پر نشر کیے گئے مائدہ ھژبری کے اعترافی بیان میں انہوں نے اپنے رقص کو ملکی روایات اور اخلاق کے خلاف قرار دیا۔

ساتھ ہی ویڈیو میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ رقص کی ویڈیو ریکارڈ کرتے وقت ان کا ہرگز یہ خیال نہیں تھا کہ وہ غیر مہذب طریقے سے ڈانس کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے یہ رقص کی ویڈیوانسٹاگرام پر اپنے فالؤرز بڑھانے کی غرض سے ریکارڈ کی۔

مائدہ ھژبری کے اعترافی بیان کے بعد انہیں حراست میں لے لیا گیا، جس کے بعد ایران بھر کی خواتین نے ان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اپنی ڈانس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرنا شروع کیں۔

مائدہ ھژبری کی گرفتاری کے بعد جہاں خواتین نے رقص کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرنا شروع کیں، وہیں ٹوئٹر پر ’رقص، آزادی، رقص جرم نہیں اور مائدہ ھژبری‘ جیسے ٹرینڈ مقبول ہوگئے۔

18 سالہ ڈانسر کی گرفتاری کے بعد متعدد خواتین نے ٹوئٹر پر اپنی ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے مائدہ ھژبری سے اظہار یکجہتی کیا، ساتھ ہی انہوں نے ان کی آزادی کا مطالبہ بھی کیا۔

اپنی ڈانس کی ویڈیوز شیئر کرنے والی ایرانی خواتین کا کہنا تھا کہ ایک نوجوان لڑکی کو خوبصورت ہونے، خوش ہوکر ڈانس کرنے اور اس کے اس عمل کو غیر مہذب قرار دے کر اسے گرفتار کرکے دنیا کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں۔

https://twitter.com/AlinejadMasih/status/1015956852478267393

خواتین کا کہنا تھا کہ جس ملک میں بچوں کے ساتھ ریپ کرنے والوں سمیت دیگر جرائم کے ملزمان آزاد ہوں، اس ملک میں رقص کرنے والی لڑکی کو گرفتار کرنے کی خبر پر لوگ مذاق اڑؑائیں گے۔

https://twitter.com/AlinejadMasih/status/1015641765272084480

خیال رہے کہ جس لڑکی کو غیر مہذب ڈانس کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا، اس نے 2 دن قبل ہی انسٹاگرام پر ایک مغربی طرز کے رقص کی ویڈیو شیئر کی تھی۔

اس ویڈیو میں مائدہ ھژبری کو گھر کے اندر تنگ پینٹ شرٹ اور سر پر ٹوپی پہنے ہوئے ڈانس کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

ان کی اسی ویڈیو کے بعد انہیں ہزاروں لوگوں نے انسٹاگرام پر فالو کیا۔

مائدہ ھژبری نے اپنے انسٹاگرام پر اس سے قبل بھی رقص کی متعدد ویڈیوز شیئر کر رکھی ہیں۔

مائدہ ھزبری نے مجموعی طور پر انسٹاگرام پر 300 سے زائد ویڈیوز اور تصاویر شیئر کر رکھی ہیں، جن میں سے زیادہ تر رقص کی تصاویر اور ویڈیوز ہیں۔

ایران میں عوامی مقامات پر رقص کرنے کے حوالے سے سخت پابندیاں عائد ہیں، جب کہ خواتین کو غیر محرم مردوں کے سامنے بھی رقص اور کھیلنے کی اجازت نہیں ہے۔

مائدہ ھژبری سے قبل بھی ڈانس کے معاملے پر خواتین کو سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔

2014 میں بھی ایک مغربی گانے پر رقص کرنے کے جرم میں ایک خاتون اور مرد کو سزا سنائی گئی تھی۔

حالیہ مہینوں میں ایران میں خواتین کے حوالے سے کچھ نرمیاں سامنے آئی ہیں، تاہم مجموعی طور پر اب بھی وہاں خواتین کے حوالے سے کئی چیزوں پر پابندی عائد ہے۔