اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان ایران امریکہ تعلقات کے تناظر میں پرآشوب خطے میں تنازعات سے بچنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، عراق میں پاکستانی سفارتخانہ محرک کردار ادا کر رہا ہے، کورونا وائرس کی وباءکے دوران عراق میں پاکستانی سفارتخانے کی طرف سے پاکستانی زائرین کے انخلاءمیں سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ یہ بات پیر کو وزارت خارجہ کی جانب سے قومی اسمبلی کو تحریری بیان میں بتائی گئی ہے۔اس کے علاوہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزارت خارجہ امریکہ ایران تعلقات کے تناظر میں خطے میں وقوع پذیر ہونے والی تبدیلیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ پاکستان کشیدگی دور کرنے کے ساتھ ساتھ پرآشوب خطے میں کسی بھی تنازعہ سے بچنے اور سفارتکاری اور مذاکرات کے ذریعے تنازعات اور اختلافات کو حل کرنے کی اہمیت پر زور دیتا ہے۔ ایوان کو بتایا گیا کہ پاکستانی سفارتخانے نے کوویڈ 19 کے دوران عراق میں محصور پاکستانیوں کے انخلاءمیں سہولیات پہنچائی ہیں۔ اس وقت جو پاکستانی عراق میں کام کر رہے ہیں وہ محفوظ ماحول میں ہیں۔ ضرورت پڑنے پر وزارت خارجہ عراق میں پاکستانیوں کی حفاظت کے لئے سفارتخانے کے ذریعے ضروری اور درکار اقدامات کرے گی۔