بغداد: عراق میں آرمی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں اس میں سوار تمام 7 اہلکار ہلاک ہو گئے۔
غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عراق کے جنوبی صوبے کوت میں عراقی آرمی کا ہیلی کاپٹر معمول کی پرواز پر تھا کہ گر کرتباہ ہوگیا۔ حادثے کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار 2 پائلٹس سمیت عملے کے 7 ارکان ہلاک ہوگئے۔ فوجی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ روسی ساختہ ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 فنی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوا ۔ واقعے میں ہلاک ہونے والے تمام افراد کی لاشیں جائے حادثہ سے اسپتال منتقل کردی گئی ہیں اور ہیلی کاپٹر کا ملبہ اٹھایا جارہا ہے جب کہ اہم شواہد بھی اکٹھے کیے جارہے ہیں۔ واضح رہے کہ عراقی صدر صدام حسین کو پھانسی دیے جانے کے بعد جنگ زدہ عراق کی نئی حکومت نے ایئرفورس کو پھر سے جدید خطوط پر استوار کیا۔ بغداد حکومت نے فضائی بیڑے کے لیے روس اور دیگر ممالک سے ہیلی کاپٹر اور طیارے بھی خریدے ہیں۔