بغداد…..امریکی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ دسمبر میں امریکا کی زیرقیادت اتحاد کی جانب سے عراق اور شام میں داعش کے خلاف کی جانے والی فضائی کارروائیوں میں تقریباً 2500 شدت پسند ہلاک ہوئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق کرنل اسٹیو وارن نے میڈیا کوبریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اگست 2014ء جب دولت اسلامیہ کے خلاف اتحاد نے فضائی حملوں کا آغاز کیا، داعش کے زیر تسلط کم از کم 20000 مربع کلومیٹر خطہ واگزار کرا لیا گیا ہے اور گذشتہ سال مئی سے اب تک داعش کسی نئے علاقے پر قابض نہیں ہوسکا۔وارن کا کہنا ہے کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اب داعش صرف اپنا بچاؤ کر رہا ہے، اتحاد کی جانب سے تیز تر فضائی کارروائیوں کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ داعش کی تیل کی پیداوار بہت زیادہ متاثر ہوئی ہے، اور اب یہ 45000 بیرل یومیہ سے کم ہو کر 34000 یومیہ رہ گئی ہے۔