لندن: موذی مرض کینسر سے لڑنے والے بالی ووڈ اداکار عرفان خان کی کنگ خان بالکل خاموشی کے ساتھ مدد کررہے ہیں جسے جان کر سب کے دلوں میں شاہ رخ خان کی عزت مزید بڑھ جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ اداکار عرفان خان گزشتہ تین ماہ سے لندن کے اسپتال میں زیر علاج ہیں اور وہ کینسر کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔
عرفان خان نے گزشتہ دنوں اپنی بیماری کے حوالے سے ایک جذباتی خط تحریر کیا جس میں انہوں نے کھل کر بیماری اور موت کے خوف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اتنی جلدی میرا سفر ختم نہیں ہوسکتا۔
اداکار نے اعتراف کیا کہ کینسر کی تشخیص کے بعد انہیں تکلیف دہ مراحل سے گزرنا پڑ رہا ہے اور وہ ہر گزرتے دن کے ساتھ موت کے خوف و درد کی شدت کو محسوس کررہے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عرفان خان کینسر علاج کے لیے لندن جانے سے قبل کنگ خان سے ملاقات کے خواہش مند تھے مگر یہ ممکن نہیں ہوسکا تاہم اداکار کی اہلیہ نے شاہ رخ خان سے رابطہ کیا تھا۔
کنگ خان کو جب عرفان خان کی خواہش کا علم ہوا تو وہ فلم کی شوٹنگ روک کر اداکار کے گھر پہنچے اور 2 گھنٹے تک اُن کے ساتھ وقت گزارا، عرفان خان نے جب شاہ رخ خان کو لندن روانگی کا بتایا تو انہوں نے فوراً برطانوی دارالحکومت میں واقع اپنے گھر کی چابیاں انہیں تھما دیں۔
شاہ رخ خان نے وراسٹائل اداکار کو ہدایت کی کہ وہ جب تک لندن میں موجود رہیں اس گھر کو استعمال کریں، عرفان خان نے چابیاں لینے سے انکار کیا مگر کنگ خان نے انہیں قائل کرلیا۔
اطلاعات کے مطابق عرفان خان اور اُن کی فیملی لندن میں کنگ خان کے گھر پر ہی قیام پذیر ہے۔