ڈبلن: آئرش کپتان ولیم پورٹر فیلڈ پاکستان کو مشکل ہوم کنڈیشنز سے ڈرانے لگے۔
آئرش کپتان کے مطابق برصغیر سے آنے والی مہمان ٹیموں کو ابتدا میں مشکل پیش آتی ہے، تاریخ کے اولین ٹیسٹ میں کاؤنٹی اور فرسٹ کلاس کرکٹ کا تجربہ کام آئے گا، سگرین کیپس کیخلاف ذہنی مضبوطی، تکنیک اور صلاحیتوں کی آزمائش ہوگی۔ اپنی تاریخ کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والی آئرش ٹیم نے پاکستان کو اپ سیٹ شکست دینے کا خواب آنکھوں میں سجالیا ہے،کپتان ولیم پورٹر فیلڈ ڈبلن کی کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اس موقع کو فتح سے یادگار بنانے کے خواہاں ہیں،انھوں نے کہاکہ برصغیر سے آنے والی کوئی بھی ٹیم ہو اسے یہاں کے ماحول سے مطابقت پیدا کرنے کیلیے وقت درکارہوتا ہے، ہم مئی کے سرد موسم میں اسی کمزوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کیخلاف فتح کیلیے پُرامید ہیں،میزبان کپتان نے کہا کہ ہمیں کاؤنٹی اور فرسٹ کلاس کرکٹ کا تجربہ رکھنے والے کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں،کرکٹرز اس دوران ٹیسٹ بولرز کا بھی سامنا کرچکے ہیں،مستحکم بیٹنگ آرڈرز کے ساتھ ہمارا بولنگ اٹیک بھی خاصا متوازن ہے،ہمیں اچھی طرح اندازہ ہے کہ پاکستانی بولرز آسانی سے رنز نہیں بنانے دیںگے، خراب گیندوں کا انتظار کرتے ہوئے ان کا فائدہ اٹھانا ہوگا۔
اسی طرح مہمان بیٹنگ لائن بھی حریف کو دباؤ میں لانے کی صلاحیت رکھتی ہے، بولرز کو کم سے کم غلطیاں کرنا ہونگی، انھوں نے کہا کہ ٹیسٹ میچ میں میزبان کھلاڑیوں کی ذہنی مضبوطی،تکنیک اور صلاحیتوں سب کی آزمائش ہوگی، مجھے اپنے پلیئرز پر اعتماد ہے کہ وہ بھرپور محنت کرتے ہوئے پہلے ٹیسٹ کو یادگار بنا سکتے ہیں، فرسٹ کلاس اور کاؤنٹی کرکٹ میں رنز بنانے اور وکٹیں لینے والے کھلاڑی اپنی ہوم کنڈیشنز میں پاکستان کیخلاف بہترین کارکردگی دہراتے ہوئے فتح حاصل کرنے کے اہل ہیں۔ یاد رہے کہ ولیم پورٹر فیلڈ خود 127فرسٹ کلاس میچز کھیل چکے،ایڈ جوائس نے 254میچز میں 18ہزار سے زائد رنز بنائے ہیں، پیسر بوائیڈ رینکن تو انگلینڈ کی جانب سے ایک ٹیسٹ بھی کھیل چکے ہیں۔