کراچی: تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اور معروف میزبان ڈاکٹر عامر لیاقت نے پی ٹی وی کی رمضان ٹرانسمیشن میں دوبارہ میزبانی کے فرائض سرانجام دے کر تمام افواہوں کا دم توڑ دیا۔
گزشتہ روز جب عامر لیاقت رمضان ٹرانسمیشن کو چھوڑ کر گئے تو سوشل میڈ یا پر افواہیں پھیل گئیں کہ پی ٹی وی انتظامیہ نے عامر لیاقت کو نکال دیا ہے تاہم آج انہوں نے ٹرانسمیشن میں دوبارہ حصہ لے کر سب کو حیران کردیا۔ مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر رمضان ٹرانسمیشن کے مخصوص حصے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے عامر لیاقت نے سوال کیا کہ ہاں بھائی کیسا دیا؟ ویڈیو میں ان کا کہنا تھا کہ بڑے بڑے لوگوں نے اودھم مچا رکھا تھا کہ عامر لیاقت کو نکال دیا، ان سب سے پوچھتا ہوں کہ ہاں بھئی کیسا دیا، اچھا دیا یا نہیں دیا ؟۔ ان کا کہنا تھا کہ جتنے بھی لوگوں نے میرے خلاف باتیں کیں وہ اپنے ٹوئٹس ڈیلیٹ کردیں۔ یہ جن لوگوں کی خبریں جھوٹی ثابت ہوئی ہیں، وہ شرم سے معذرت کریں، میں یہاں پر ہی موجود ہوں۔
عامر لیاقت نے مزید کہا کہ اللہ نے حاسدین کے بارے میں فرمایا ہے، مر جاﺅ اپنی آگ میں، اس وقت حاسدین تلملا رہے ہونگے لیکن ہمارا رمضان کا سفر جاری رہے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز عامر لیاقت نے افطاری ٹرانسمیشن کے دوران وزیراعظم کی تعریف کی جس کے بعد انہوں نے کہا کہ عامر لیاقت حسین کا سفر یہاں ہی اختتام پذیر ہوتا ہے ۔یہ کہہ کر عامر لیاقت حسین لائیو ٹرانسمیشن چھوڑ کر چلے گئے اور سیٹ پر موجود لوگ حیران رہ گئے۔