لندن( ویب ڈیسک ) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ عمران خان نیازی نے امریکی ادارہ برائے امن میں میڈیا کی آزادی کے حوالے سے جھوٹ بولا جس پر انھیں شرم آنی چائیے، پاکستان میں میڈیا کا گلہ گھونٹ دیا گیا ہے،ملک میں اس وقت میڈیا آزاد نہیں، واشنگٹن پوسٹ اور دیگر کئی غیر ملکی مستند میڈیا گروپس نے لکھا ہے کہ پاکستان میں میڈیا پر مکمل قدغن لگ چکی ہے، مریم نواز کی تقاریر دکھانے پر بعض چینلز کے نمبرزتبدیل کردیئے گئے کسی کو بھی پاکستان میں بولنے کی اجازت نہیں ہے،حکومت سوشل میڈیا کی زبان بندی کرنے کی تیاری کررہی ہے جو بہت قابل تشویش اقدام ہے اس پر قوم اور عالمی کمیونٹی کو نوٹس لینا چاہیے۔ پیر کو اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انھوں نے کہاکہ عمران خان نیازی نے امریکی ادارہ برائے امن میں میڈیا کے حوالے سے جھوٹ بولا ان کو اس پر شرم آنی چاہئے،پاکستان میں میڈیا کا گلہ گھونٹ دیا گیا ہے دنیا کو معلوم ہے کہ سچ کیا ہے۔ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق قومی احتساب بیورو(نیب ) نے سربراہ پی ایس پی مصطفی کمال کی نازیبا گفتگو کا نوٹس لے لیااور انہیں قانونی نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ، ترجمان نیب کے مطابق سابق میئر کراچی مصطفی کمال نے میڈیا گفتگومیں نیب افسران کیخلاف نازیباالفاظ استعمال کئے ،نوٹس میں نیب افسروں سے معافی کا مطالبہ کیا جائے گا،ترجمان کا کہنا ہے کہ مصطفی کمال نے معافنی نہ مانگی تو عدالت میں جائیں گے ۔نیب کا کہنا ہے کہ مصطفی کمال کی جانب سے کراچی میں 30 ہزار کروڑ خرچ روپے خرچ کئے گئے،خطیر رقم خرچ کرنے کے باوجود کراچی کے مسائل جوں کے توں ہیں ،ترجمان کا کہنا ہے کہ نیب قومی ادارہ اور بدعنوانی کے خاتمے کیلئے اقدامات کررہا ہے،مصطفی کمال کی نازیباگفتگو نیب کی ساکھ مجروح کرنے کی مذموم کوشش ہے،مصطفی کمال تنقید کی بجائے اپنی توانائی مقدمے میں دفاع پر خرچ کریں ۔