لندن: شام اور عراق میں سرگرم شدت پسند تنظیم داعش نے برطانوی شہزادہ جارج کے قتل کی دھمکی دے دی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شدت پسند تنظیم داعش نے شاہی خاندان کو پیغام میں 4 سالہ برطانوی شہزادہ جارج الیگزینڈر لوئس کو قتل کی دھمکی دی ہے۔ برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیتهرین کا اکلوتا بیٹا جارج اپنے والد ولیم آف کیمبرج اور دادا ولی عہد چارلس کے بعد تیسرا ولی عہد ہے۔ برطانوی سائبر سیکورٹی اہلکاروں نے داعش کا ایک خفیہ پیغام پکڑا ہے جسے اس نے سماجی رابطوں کی موبائل فون ایپلی کیشن ٹیلی گراف سے بھیجا تھا۔ داعش نے ننھے شہزادے کی تصویر کے ساتھ انگریزی میں لکھا کہ ’’جلد اسکول جانا شروع کردیا‘‘ اور عربی میں لکھا کہ ’’ جب گولیوں کی گھن گرج میں جنگ ہوتی ہے تو ہمارے اندر بدلے کی آگ بھڑک اٹھتی ہے‘‘۔ برطانوی سیکورٹی اداروں کو خدشہ لاحق ہوگیا ہے کہ داعش شہزادے کو قتل کرنے کا منصوبہ بنارہی ہے۔
داعش کی جانب سےسماجی رابطوں کےلئے استعمال ہونے والی میسنچر ایپلی کیشن کا استعمال کیا گیا ہے جس میں پیغام بھیجنے والے کا نام اور مقام دونوں خفیہ رہتے ہیں۔ برطانوی حساس ادارے خفیہ پیغام بھیجنے والے کو تلاش کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں اور سائبرماہرین کا کہنا ہے کہ نام اور مقام کو خٖفیہ رکھنےوالی ایپلی کیشن ٹیلی گراف کو دہشتگرد استعمال کرکے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں برطانوی خفیہ ایجنسی کے سربراہ نے برطانیہ میں دہشتگردی کی بڑی کارروائیوں کے خدشے کا اظہار کیاتھا جس کے بعد سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ ملک بھر کے ایئرپورٹس،ریلوے اسٹیشنز اور دیگر عوامی اجتماع کے مقامات پر کڑی نگرانی اورسیکیورٹی کےسخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ ننھے جارج کی سیکیورٹی کے حوالے سے خدشات پہلے بھی اس وقت بڑھ گئے تھے جب ایک خاتون نے اسکول کےاحاطے میں اس کی ویڈیو بنانا شروع کی جس پر اسے حراست میں لیا گیا تھا۔