اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے پرائیویٹ سکولز کو گرمیوں کی تعطیلات کی فیس وصول کرنے سے روکنے کا حکم برقرار رکھتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 11 جولائی تک ملتوی کردی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے گرمی کی چھٹیوں میں فیس وصولی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے گرمیوں کی چھٹیوں کی فیس وصول نہ کرنے کا حکم برقرار رکھا۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ تعلیم کی سوداگری ظلم و استحصال ہے جو کل ہنڈا پر تھے آج 5 پانچ لینڈ کروزرز پر پھرتے ہیں ۔ پرائیویٹ سکولز کا فیس وصول کرنا توہین عدالت ہے جن سکولز نے حکم عدولی کی انہیں توہین عدالت کے نوٹسز بھیجیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کچھ ٹیچرز نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی درخواست بھی دی ہے جسے دیکھیں گے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 11 جولائی تک ملتوی کردی۔