اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت میں تاریخ کے پہلے بلدیاتی الیکشن کا میلہ سج گیا، وفاقی دارالحکومت میں پولنگ کا عمل صبح 7 بجے شروع ہوا جو کہ شام پانچ بجے تک جاری رہے گا، حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے پولنگ اسٹیشنز کے باہر ووٹرز کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور صبح ہی لوگ ووٹ ڈالنے کے لیے پولنگ اسٹیشنز پہنچنے لگے۔ اپنے حالات بدلنے کے لئے نوجوان بھی اس عمل میں پیش پیش ہیں۔
اسلام آباد میں 650 نشستوں پر دو ہزار 396 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ہو گا ۔ یونین کونسلز چیئر مین کے لئے 255 جنرل نشستوں پر ایک ہزار 210، خواتین کی نشستوں پر351 ، کسان اور مزدوروں کی نشستوں پر 248 امیدوار میدان میں ہیں۔
نوجوانوں کی نشستوں پر 230 اور اقلیتی نشستوں پر 102 امیدوار معرکے میں شامل ہیں ۔ 50 یونین کونسلوں میں 6 لاکھ 80 ہزار 612 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں ان میں سے 3 لاکھ 67 ہزار 960 مرد اور 3 لاکھ 12 ہزار 652 خواتین ووٹرز ہیں۔ 112 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر پاک فوج اور پولیس کو تعینات کیا گیا ہے۔
خواتین کے پولنگ اسٹیشنز پر ایک ہزار خواتین سیکیورٹی اہلکار بھی تعینات کی گئی ہیں۔