اسلام آباد میں گزشتہ روز پاک افغان اور امریکی حکام کے درمیان سہ فریقی مذاکرات کے بعد پاک افغان کشیدگی میں کمی آئی ہے۔
اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ باب دوستی کھولنےاور تجارتی سرگرمیوں کی بحالی کےلئے جلد ہی فیصلہ کیا جائےگا ۔ سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں سہ فریقی اجلاس میں پاک افغان اور امریکی فوجی حکام شریک ہوئے تھے۔
اجلاس میں پاک افغان کشیدگی، باب دوستی کھولنے ،دوطرفہ تجارت کی بحالی اور کلی لقمان و کلی جہانگیر کے متنازع سرحدی حدود سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی اور اس میں پیش رفت بھی ہوئی ہے۔
ادھر انسانی ہمدردی کے بنیاد پر صرف بیمار افغان شہریوں کو ویزا پاسپورٹ پر افغانستان جانے کی اجازت دی جا رہی ہے اور اب تک 60 سے زائد بیمار افغان شہری اور دو میتیں افغانستان جا چکی ہیں ۔ سرحدی علاقوں سے نقل مکانی کرجانے والوں کےلئے پرانا چمن میں خیمہ بستی قائم ہے۔