اسلام آباد میں تو سپریم کورٹ بھی ہے، کوئی سپریم کورٹ یا پارلیمنٹ کو بند کرنے کی خواہش رکھتا ہو تو قانون طاقت کے استعمال کی اجازت دیتا ہے، طلال چودھری کا اعلان
عمران خان کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے رہنماء مسلم لیگ نون طلال چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان کو بند کرنے اور سول نافرمانی کے اعلانات کرتے آ رہے ہیں، اسلام آباد بند ہو گا تو پاکستان کو نقصان ہو گا۔ طلال چودھری نے کہا کہ عمران خان اس طرح کے اعلانات سے پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ طلال چودھری کا مزید کہنا تھا کہ یہ فیصلہ نواز شریف کا ہے کہ اسلام آباد کھلا ہے اور کھلا رہے گا۔
طلال چودھری نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں تو سپریم کورٹ بھی ہے، کوئی سپریم کورٹ یا پارلیمنٹ کو بند کرنے کی خواہش رکھتا ہو تو قانون طاقت کے استعمال کی اجازت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پھنے خان نہ بنیں، کسی مائی کے لال میں اسلام آباد بند کرنے کی ہمت نہیں ہے۔ طلال چودھری نے یہ بھی کہا کہ دھاندلی کا جھوٹا پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی ناکامی کو چھپانے کیلئے پاناما کا سہارا لے رہے ہیں۔