یروشلم…….. امریکا اور دنیا بھر کے یہودیوں میں مقبول یہودی ربی کو رشوت دینے کے الزام میں سنائی گئی ایک سال قید کی سزا شروع ہوگئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی جیل سروس کی ایک ترجمان خاتون کا کہنا ہے کہ امریکا اور دنیا بھر کے یہودیوں میں مقبول یہودی ربی کو رشوت دینے کے الزام میں سنائی گئی ایک سال قید کی سزا شروع ہوگئی ہے۔خاتون ترجمان سیوان ویزمان کا کہنا تھا کہ ربی یوشیایاہو یوسف پنٹو کوگزشتہ روز وسطی اسرائیل کی ایک جیل میں پہنچایا گیا ۔پنٹو کو پچھلے سال کے دوران رشوت دینے کے مقدمے میں اعتراف جرم کے بعد پولیس کے معاہدے کے تحت ایک سال کی قید سنائی گئی تھی۔ پنٹو نے اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے 2012ء میں اپنی ایک خیراتی تنظیم کے حوالے سے ہونے والی پولیس تحقیقات کی خفیہ رپورٹس حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔
پنٹو کو اسرائیل کے سب سے امیر ربیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ وہ مشہور مراکشی نژاد صوفی بابا سالی کے پڑ پوتے ہیں اور انہوں نے اسرائیل، نیویارک اور دنیا بھر میں امیر اور بااثر یہودیوں کے روحانی گرو کے طور پر کام کرکے دولت اکٹھی کی تھی ۔