اسلام آباد(ایس ایم حسنین) اسرائیل ابوظہبی میں اپنے سفارتخانوں میں سے ایک بڑا سفارتخانہ ترتیب دے رہا ہے جسے جنوری کے آغاز میں آپریشنل کردیا جائیگا۔ عرب میڈیا اور اسرائیلی خبررساں ایجنسیوں کے مطابق ابوظہبی میں اسرائیلی سفارتخانہ برطانیہ، واشنگٹن، اور روس کی طرز پر بنایا جائیگا جوکہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے شاندار تعلقات کی علامت اور ریجن میں اسرائیل کی سفارتی سرگرمیوں کے اہم مقام کے طور پر کام کریگا۔ اس حوالے سے ایک اسرائیلی وفد گزشتہ ہفتے عرب امارات کے دورہ پر تھا جہاں سفارت خانہ کے لیے جگہ کا معائنہ کیا گیا تاہم ابھی جگہ کا فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔اسرائیلی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ تو نہیں کہا جاسکتا کہ سفارتی مشن پوری دنیا میں سب سے بڑا ہوگا تاہم سفارت خانہ اور قونصل خانہ واقعی میں بہت بڑے ہوں گے۔ اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق عرب امارات میں اسرائیلی سفارت خانہ واشنگٹن، لندن اور ماسکو میں قائم اسرائیلی سفارت خانوں کی طرح بڑا ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال اگست میں اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ایک امن معاہدہ ہوا تھا جس کے تحت دونوں فریقین کے درمیان نہ صرف سفارتی تعلقات قائم کیے جانے تھے بلکہ اسرائیل نے جواب میں کہا ہے تھا کہ وہ مغربی کنارے کے بہت بڑے رقبے پر اسرائیل کے توسیعی عمل کو بھی روک دے گا