فلسطینی علاقے غزہ پٹی کے ساتھ اسرائیلی سرحد کے قریب ہونے والے احتجاج میں کم از کم ایک فلسطینی شہید اور 528 افراد زخمی ہو گئے۔
غزہ کے محکمہٴ صحت کے بیان کے مطابق 122 مظاہرین اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہوئے جبکہ دیگر 406 افراد میں سے کئی آنسو گیس کے استعمال اور باقی ربر کی تہہ چڑھی ہوئی دھاتی گولیوں کے لگنے سے زخمی ہوئے۔
یہ فلسطینی مظاہرین مسلسل تیسرے جمعے کے دن نماز کی ادائیگی کے بعد اسرائیل کی قبضے کی پالیسی کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔
اس احتجاجی سلسلے میں 30مارچ سے اب تک 34 فلسطینی شہید اور سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔
انسانی حقوق کی کئی تنظیموں نے اسرائیلی فوج کے ان اقدامات کو ضوابط کی صریحاً خلاف ورزی قرار دیا ہے۔