اسلام آباد(ایس ایم حسنین) اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کے چیف نے بحرین کا دورہ کیا اور منامہ میں اس چھوٹی خلیجی ریاست کے اعلیٰ سکیورٹی عہدے داروں سے بات چیت کی ہے۔بحرین کے سرکاری میڈیا کے مطابق موساد چیف کوہن نے بحرین کی نیشنل انٹیلی جنس سروس کے سربراہ عادل بن خلیفہ الفاضل اور اسٹریٹیجک سکیورٹی سروس کے سربراہ شیخ احمد بن عبدالعزیز آل خلیفہ سے ملاقات کی ۔جس میں فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور بحرین اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدے کی اہمیت پر زوردیا ہے۔ نیز یہ کہ یہ معاہدہ خطے میں امن واستحکام میں کیا کردار ادا کرے گا اور اس سے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے کیا کیا مواقع پیدا ہوں گے۔‘‘واضح رہے کہ بحرین اور اسرائیل نے معمول کے تعلقات استوار کرنے کے لیے 15 ستمبر کو وائٹ ہاؤس، واشنگٹن میں امن معاہدے پر دست خط کیے تھے۔ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو بہ نفس نفیس بحرین اور متحدہ عرب امارات سے امن معاہدوں پر دستخط کے لیے امریکہ گئے تھے ۔