سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی ودیگرنے کہا ہے کہ سندھ میں غیرقانونی پناہ گزینوں کو شناختی کارڈ کا اجراء کسی صورت برداشت نہیں کیاجائے گا۔
سندھ یونائیڈ پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین سید زین شاہ سے ترقی پسند ہاؤس میں ملاقات کے دوران ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمراں غیرقانونی آبادکاری کوروکنے کےلئے سنجیدہ نہیں،سندھ کے عوام کواپنی دھرتی پر غیروں کی آباد کاری برداشت نہیں، سندھ کے خلاف سازشیں بند کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ پی پی پناہ گزینوں کو شناختی کارڈ جاری کر کے اپنا ووٹ بینک بڑھانا چاہتی ہے جو سندھ سے غداری کے مترادف ہے۔ سید زین شاہ نے ایس یو پی کے سیکریٹری جنرل روشن برڑو کے ہمراہ ڈاکٹر قادر مگسی سے ملاقات کی اور 9دسمبر کو سندھ میں پناہ گزینوں کی آباد کاری اور انہیں شناختی کارڈ کے اجراءکے حوالے سے جاری جدوجہد پرتبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے کہا کہ سندھ میں غیرقانونی پناہ گزینوں کی وجہ سے امن وامان خراب اورمعیشت کو نقصان پہنچا ہے۔