برسلز (پ۔ر) کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے ترکی کے شہر استنبول کے بین الاقوامی ائرپورٹ پر خودکش حملوں اور فائرنگ کے المناک واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
یادرہے کہ منگل اوربدھ کی درمیانی رات دہشت گردوں کی طرف سے خودکش دھماکوں اورفائرنگ کے دوران چالیس سے زائد افرادجن میں غیرملکی بھی شامل ہیں، مارے گئے اوربڑی تعدادمیں زخمی ہوئے ہیں۔
علی رضا سید نے برسلزسے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں ان واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ واقعات انتہائی افسوسناک اورقابل مذمت ہیں۔ انھوں نے ان واقعات پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ تشد د اور دہشتگردی کسی بھی صورت میں قابل تحمل نہیں۔ بے گناہ اورنہتے لوگوں پرحملے ہرگز قابل قبول نہیں۔
دہشت گردی دراصل تعاون، امن، تحمل اورانسانوں کے درمیان ھم آہنگی کی کوششوں کے خلاف ایک وحشیانہ اور غیرانسانی فعل ہے اورہمیں پیغام دیناہوگا کہ ہم سب دہشت گردی کے خلاف اور اس کڑے وقت میں ترکی کے حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔علی رضاسید نے اس موقع پر ان حملوں میں مارے جانے والے افرادکے لواحقین اورزخمی ہونے والے افرادکے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہارکیا۔
انھوں نے مزید کہاکہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے اور دنیاکی سلامتی کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔ عالمی برادری کو دہشت گردی کے خلاف متحدہوناہوگا اور اس لعنت سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا۔