پٹنہ (کامران غنی) ترکی میں اردو تعلیم و تدریس کی ایک صدی مکمل ہو ر ہی ہے۔ اس خوش آئند موقع کو مد نظر رکھتے ہوئے سہ ماہی ارتباط (استنبول) کا ایک خصوصی شمارہ ان شاء اللہ استنبول یونیورسٹی میں مقررہ بین الاقوامی سمینار تک شائع کیا جائے گا۔ جس کی تیاریاں تمامتر سرعت کے ساتھ جاری ہیں۔
یہ باتیں استنبول یونیورسٹی کے صدر شعبہ اردو پروفیسر خلیل طوقار نے اردو نیٹ جاپان کے مدیر اعزازی کامران غنی صبا کو بذریعہ ای میل بتائیں۔ انھوں نے کہا کہ اس تاریخی موقع کو زندہ رکھنے کی نیت سے ارتباط کی جانب سے ایک بین الاقوامی شعری مقابلہ کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جس کا بنیادی مقصد ترکی اور برعظیم ہندو پاک کے تعلقات کی یادوں کو تازہ کرنا ہے۔
انھوں نے دنیا کے مختلف خطوں میں آباد شعرا و شاعرات سے التماس کیا ہے کہ وہ ترکی، ترکی کی اہم شخصیات اور خلافت عثمانیہ سے متعلق اپنی نظمیں قلم بند فرما کر مدیر ارتباط کو پیش کرکے ملکوں کے درمیان موجود تاریخی اور سماجی بندھنوں کو اور زیادہ مستحکم کریں اور اس مسرت موقع کو لازال بنائیں۔ شعرائے کرام20 ستمبر 2015 تک اپنی منظوم تخلیقات پروفیسر خلیل طوقار یا ہندوستان میں کامران غنی صبا کو بذریعہ ڈاک یا ای میل بھیج سکتے ہیں۔
شعرا حضرات سے گزارش کی جاتی ہے کہ وہ اپنی شاعری ان پیج اردو میں ایک پاسپورٹ سائز فوٹو اور مختصر کوائف عمری کے ساتھ khtoker@gmail.com پر ارسال فرما ئیں۔شعری مقابلہ کے لیے موصول ہونے والی بہترین تخلیقات کو انعامات سے نوازا جائے گا اور انھیں اہتمام کے ساتھ ”ارتباط” میں شائع بھی کیا جائے گا۔ مزید تفصیلات پروفیسر خلیل طوقار یا کامران غنی سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔